عالمی شہرت یافتہ پاکستانی میوزک شو کوک اسٹوڈیو کے سیزن 14 کے گانے ’پسوڑی‘ سے شہرت حاصل کرنے والی گلوکارہ شئے گِل نے ترک گلوکار ایودیکی سات کے ساتھ مل کر ایک نیا گانا ’ون لَو‘ ریلیز کیا ہے۔
شئے گلِ اور ایودیکی سات نے میوزک پلیٹ فارم کوک اسٹوڈیو گلوبل کے سیزن 2 کے لیے اشتراک کیا ہے۔
پاکستان اور ترکیہ کے یہ دونوں گلوکار دنیا بھر کے ان 19 گلوکاروں کے گروپ کا حصّہ ہیں جو مل کر کوک اسٹوڈیو گلوبل کے سیزن 2 کے لیے موسیقی تخلیق کر رہے ہیں۔
ترک گلوکار ایودیکی سات کا شئے گِل کے ساتھ اشتراک کرنے پر کہنا ہے کہ میرے خیال میں کوک اسٹوڈیو میں بطور موسیقار شامل ہونا ہمیشہ ہی دلچسپ ہوتا ہے، یہ منصوبہ خود بہت دلچسپ ہے اور عالمی سطح پر کسی بھی موسیقار کے ساتھ تعاون ایک ایسی چیز تھی جس کا میں اپنے میوزک کیریئر میں تجربہ کرنا چاہتا تھا۔
اُنہوں نے کہا کہ مجھے ہمیشہ سے موسیقی کے ذریعے دوسری ثقافتوں سے جڑنا پسند ہے اور شئے گِل اپنی ثقافت کی ایک عظیم نمائندہ، ایک عظیم موسیقار اور شخصیت ہیں، میں نے یہ گانا تیار کرتے ہوئے ایک مشکل فیصلے سے بہت لطف اٹھایا۔
اس حوالے سے شئے گِل نے کہا ہے کہ اس گانے کو رومانس، نئی محبت اور محبت کے کھلے اظہار کے موضوعات سے متاثر ہو کر بنایا ہے، میرے لیے ایودیکی سات کے ساتھ تعاون کرنا خوشی کی بات تھی کیونکہ وہ ایک ہونہار اور مہربان شخص ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ سب سے اہم بات میں نے یہ محسوس کی کہ ہم نے موسیقی کے لحاظ سے بہت زیادہ جذبے کے ساتھ کام کیا اور اسی جذبے نے تعاون کو مزید پرجوش بنا دیا۔
ترک گلوکار ایودیکی سات 2020ء سے عالمی سطح پر مشہور ہیں اور اب تک اسپاٹی فائے پر 120 ملین اسٹریم حاصل کر چکے ہیں۔
دوسری جانب پاکستانی گلوکارہ شئے گل کو بھی اسپاٹی فائے پر ملک کی سب سے زیادہ اسٹریم کی جانے والی گلوکارہ ہونے کا اعزاز حاصل ہے اور ان کے گانے ’پسوڑی‘ کو یوٹیوب پر 600 ملین کے قریب ویوز مل چکے ہیں۔