ہانیہ عامر ایوارڈ شو میں غزہ کیلئے بول پڑیں، جنگ بندی کا مطالبہ

eAwazفن فنکار

پاکستانی فلم و ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ و ماڈل ہانیہ عامر نے ‘کشمیر ہم اسٹائل ایوارڈز’ کی تقریب کے دوران غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔

11 مئی ہفتے کی شب ‘کشمیر ہم اسٹائل ایوارڈز 2024′ کی شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں فیشن، فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اور باصلاحیت فنکاروں نے شرکت کی تھی۔

‘کشمیر ہم اسٹائل ایوارڈز 2024′ کی تقریب میں فیشن، فلم، ڈرامہ اور اسپورٹس سے منسلک قابل شخصیات کو اُن کے زبردست کام اور اسٹائل کے لیے مختلف ایوارڈز سے نوازا گیا۔

اس تقریب میں ہردلعزیز ہانیہ عامر کو ٹیلی ویژن کی سب سے اسٹائلش اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا، ہانیہ عامر اپنا ایوارڈ وصول کرنے کے لیے اسٹیج پر آئیں تو اُنہوں نے سب سے پہلے اپنے والدین، مداحوں اور دوستوں کی محبت اور سپورٹ کا شکریہ ادا کیا اور پھر غزہ کے لیے آواز اُٹھائی۔

ہانیہ عامر نے کہا کہ میں آج غزہ کے معصوم لوگوں کو یاد کرکے اُن کے لیے آواز اُٹھانا چاہتی ہوں، یہ ہم سب کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ہے جہاں ہم فلسطین کے حق میں اپنی آواز بُلند کرسکتے ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ آپ مشہور ہوں یا نہ ہوں، مجھ سمیت آپ سب کے پاس سوشل میڈیا ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جسے ہم غزہ کے حق میں استعمال کرسکتے ہیں، اپنے پلیٹ فارم کے ذریعے غزہ کے لیے بولیں اور اپنی آواز پوری دُنیا تک پہنچائیں۔

اُنہوں نے کہا کہ میں چاہتی ہوں کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے ہیش ٹیگ ‘فوری جنگ بندی’ (CeasefireNow) ٹرینڈنگ سے نہیں رُکنا چاہیے، اس میں ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے کیونکہ ہم لفظی طور پر اپنے تمام اعمال کے ساتھ تاریخ لکھ رہے ہیں۔

آخر میں ہانیہ عامر نے غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آئیے! تاریخ کی درست سمت کے ساتھ رہیں۔