‘ یہ خلا کبھی پُر نہیں ہوگا’ نیرہ نور کی وفات پر وزیر اعظم کا اظہارِ افسوس

eAwazفن فنکار

وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے لیجنڈ گلوکارہ نیرہ نور کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔

ٹوئٹر پر جاری پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ گلوکارہ نیرہ نور کا انتقال موسیقی کی دنیا کے لیے ایک نا قابل تلافی نقصان ہے۔

وزیر اعظم نے لکھا نیرہ نور اپنی آواز میں ترنم اور سوز کی وجہ سے خاص پہچان رکھتی تھیں، غزل ہو یا گیت، نیرہ نور نے جو بھی گایا کمال گایا۔

شہباز شریف نے کہا نیرہ نور کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پُر نہیں ہوگا، اللہ تعالٰی سے دعا ہے کہ مرحومہ کو جنت میں جگہ عطا فرمائے۔

واضح رہے کہ بلبل پاکستان کے نام سے مشہور پاکستان کی لیجنڈ گلوکار نیرہ نور 71 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کر گئیں۔

نیرہ نور کے خاندانی ذرائع کے مطابق وہ پچھلے چند روز سے بیمار تھیں اور کراچی میں ہی زیرعلاج تھیں۔

نیرہ نور کی نماز جنازہ آج 4 بجے مسجد و امام بارگاہ یثرب ڈیفنس کراچی میں ادا کی جائےگی اور تدفین ڈیفنس فیز 8 کے قبرستان میں کی جائےگی۔