سینیئر اداکار نعمان اعجاز اور مقبول اداکارہ صبا قمر کے مرکزی کرداروں پر مبنی رومانٹک ٹریجڈی ویب سیریز ’مسز شمیم‘ کو ریلیز کردیا گیا۔
’مسز اینڈ مسٹر شمیم‘ کو بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ ’زی فائیو‘ پر 11 مارچ کو ریلیز کیا گیا جو کہ اب تک مذکورہ اسٹریمنگ پر پیش ہونے والی کم از کم تیسری ویب سیریز ہے۔
’چڑیلز‘ کے بعد ’مسز اینڈ مسٹر شمیم‘ کو بھی نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی کہانی اور کرداروں کی وجہ سے سراہا جا رہا ہے۔
’مسز اینڈ مسٹر شمیم‘ میں صبا قمر اور نعمان اعجاز نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں، جنہیں ایک جوڑی کی صورت میں دکھایا گیا ہے۔
ویب سیریز میں صبا قمر کو چنچل، خوبصورت اور اوٹ پٹانگ حرکتیں کرنے والی لڑکی کے طور پر دکھایا گیا ہے جو کہ نہ چاہتے ہوئے بھی نعمان اعجاز جیسے غیر روایتی مرد کا کردار ادا کرنے والے شخص کو دل دے بیٹھتی ہیں۔
ویب سیریز میں نعمان اعجاز غیر روایتی مرد کے طور پر دکھائی دیتے ہیں جو کسی مخںث شخص کی طرح ہوتے ہیں، تاہم درحقیقت وہ ایسے نہیں ہوتے۔
ویب سیریز کی ریلیز کے موقع پر صبا قمر نے بھارتی خبر رساں ادارے ’پریس ٹرسٹ آف انڈیا‘ (پی ٹی آئی) کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا تھا کہ ’مسز شمیم‘ کی کہانی ’مردانگی‘ کے گرد گھومتی ہے، تاہم ویب سیریز بولڈ نہیں بلکہ بہت حساس ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ ٹرانس جینڈر اور ہم جنس پرست کرداروں کے ساتھ بھی کام کریں، تاہم ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ ’مسز شمیم‘ ہم جنس پرستی کی کہانی نہیں۔
نیوز سورس ڈان نیوز