دہلی: بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن نے اپنا خاندانی گھر 23 کروڑ بھارتی روپے میں فروخت کردیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکار امیتابھ بچن نے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں قائم خاندان کا سب سے پرانا بنگلا تئیس کروڑ بھارتی روپے میں فروخت کردیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ دارالحکومت کے گل مہر پارک میں قائم گھر کی ملکیت اب امیتابھ بچن کے خاندان کے پاس نہیں رہی۔ وہ ماضی میں اپنے والد ہری ونش بچن اور والدہ تیجی بچن کے ہمراہ اس بنگلے میں رہا کرتے تھے۔
بھارت میں ایک کمپنی کے سربراہ ایونی بدر نے امیتابھ سے یہ پراپرٹی خریدی۔مقامی میڈیا نے بتایا کہ بھارتی تاجر ایونی بدر کی بچن خاندان سے ہمیشہ سے دوستی رہی ہے اسی بنیاد پر اداکار نے اپنا گھر انہیں فروخت کرنے کا فیصلہ کیا۔
بنگلے کے نئے مالک کا کہنا ہے کہ اس گھر کو گرا کر اپنے طریقے کے مطابق نئے سرے سے تعمیر کرائیں گے کیوں کہ اس کا اسٹرکچر کئی دہائیوں پرانا ہے۔ بالی ووڈ پر کئی دہائیوں سے راج کرنے والے امیتابھ بچن کے بھارتی شہر ممبئی میں بھی 5 بنگلے ہیں۔