استنبول :
دنیا بھر میں مقبول سلطنت عثمانیہ پر بننے والی مشہور زمانہ تاریخی تُرک سیریز ’ ارطغرل غازی‘ میں ’ارتک بے‘ کا کردار ادا کرنے والے تُرک اداکار آئبرک پیکچن 51 برس کی عمر میں کینسر سے طویل جنگ کے بعد انتقال کر گئے۔51 سالہ تُرک اداکار آئبرک پیکچن پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا تھے، آئبرک پیکچن کو ان کے آبائی گاؤں مرسیا میں سپرد خاک کیا جائے گا۔آئبرک پیکچن کے انتقال کی اطلاع ’ارطغرل غازی‘ کے ہدایت کار اور پروڈیوسر مہمت بوزداغ نے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے دی۔انہوں نے لکھا ’ہمارے پیارے آئبرک پیکچن، جنہوں نے ارطغرل غازی میں اپنی جاندار اداکاری کا لوہا منوایا، کا انتقال ہوگیا۔ میں اللہ سے اپنے بھائی کے لیے رحم کی دعا کرتا ہوں اور خاندان اور مداحوں کے لیے صبر کی خواہش کرتا ہوں۔‘آئبرک پیکچن 22 مئی 1970 کو پیدا ہوئے اور 2001 میں انہوں نے بطور اداکار اپنے کیرئیر کا آغاز کیا۔آئبرک نے بےشمار پراجیکٹس کیے لیکن ’ارطغرل غازی‘ میں ’ارتک بے‘ کے کردار نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچایا۔ ’ارتک بے‘ ارطغرل غازی کے دوسرے سیزن کا حصہ بنے اور پھر آخری یعنی پانچویں سیزن تک ’ارطغرل غازی‘ کے وفادار سپاہی کے طور پر اپنے فرائض سرانجام دیے۔