نئی دہلی : بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف نے اپنی شادی کی تیاریوں میں مصروفیت کے باعث عارضی طور پر بالی ووڈ کو خیرباد کہہ دیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کترینہ کیف نے فلم انڈسٹری سے کچھ عرصے کے لیے چھٹی لے لی ہے کیونکہ ان دِنوں وہ اپنا زیادہ تر وقت وکی کوشل کی فیملی کے ساتھ شادی کی تیاریوں میں گزار رہی ہیں۔شوبز حلقوں میں گردش کرنے والی نئی خبروں کے مطابق فلمی جوڑا اگلے ماہ راجستھان میں شادی کے بندھن میں بندھ جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شادی کے ہر لمحے کو یادگار بنانے کے لیے کترینہ کیف نے کچھ عرصے کے لیے بالی ووڈ سے کنارہ کشی اختیار کر لی ہے اور اپنی تمام تر توجہ تیاریوں پر مرکوز کر دی ہے۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ کترینہ کیف اس وقت وکی کوشل کے بھائی اداکار سنی کوشال اور اپنی والدہ کے ساتھ شادی کی تیاریوں میں مصروف نظر آرہی ہیں جبکہ وکی کوشل اپنے پراجیکٹس میں مصروف ہیں۔ کترینہ کیف اور وکی کوشل کی شاہی شادی دسمبر کے پہلے ہفتے میں راجستھان کے علاقے اوائے مدھو پور کے سکس سینسز فورٹ برواڑا میں ہوگی جبکہ اداکارہ کا عروسی لباس مشہور فیشن ڈیزائنر ساابیا ساچی نے ڈیزائن کیا ہے۔