اقتدار کی منتقلی کیلئے شامی گروپوں سے مل کر کام کریں گے؛ بائیڈن

eAwazورلڈ

امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ باالآخر بشار الاسد حکومت کا خاتمہ ہو چکا، نہیں جانتے کہ بشار الاسد کہاں ہیں، سنا ہے وہ ماسکو میں ہیں، بشار الاسد کو جوابدہ ہونا چاہیے۔

وائٹ ہاؤس میں خطاب میں بائیڈن نے کہا کہ اقتدار کی منتقلی کے لیے شامی گروپوں سے مل کر کام کریں گے، شام کے پڑوسیوں کی حمایت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ دنوں میں علاقائی رہنماؤں سے بات کریں گے، امریکی حکام بھی بھیجیں گے۔

صدر بائیڈن کا کہنا تھا کہ باغی گروپ کے لیڈر کے بیان کو نوٹ کیا ہے، ان کے قول وفول کا جائزہ لیں گے، شام میں خطرے اور غیر یقینی صورتحال کا لمحہ ہے۔

واضح رہے کہ شامی اپوزیشن فورسز نے مختلف شہروں کے بعد دارالحکومت دمشق پر بھی کنٹرول حاصل کرلیا اور صدر بشار الاسد ملک سے فرار ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شام کے دارالحکومت دمشق میں باغیوں کے داخل ہونے سے پہلے ہی بشار الاسد ایک طیارے میں نامعلوم مقام کی جانب روانہ ہوگئے تھے۔