UN confirms Turkey's name change

اقوام متحدہ میں ترکی کا نام بدلنے کی توثیق، نیا نام کیا رکھا گیا؟

eAwazورلڈ

اقوام متحدہ نے ترکی کا نام بدل کر ترکیہ کرنے کی توثیق کردی ہے۔

اس تبدیلی کی درخواست ترک حکومت کی جانب سے کی گئی تھی۔

اقوام متحدہ کے ترجمان نے بتایا کہ یکم جون کو ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اوغلو کی جانب سے ایک مراسلہ جنرل سیکرٹری کے حوالے کیا گیا تھا۔

اس مراسلے میں درخواست کی گئی تھی کہ عالمی ادارے کی جانب سے تمام امور کے لیے ترکی کی بجائے ترکیہ نام استعمال کیا جائے۔

ترجمان نے کہا کہ اس مراسلے کے ساتھ ہی ملک کے نام میں تبدیلی کی توثیق ہوگئی تھی۔

ترک وزیر خارجہ نے یہ مراسلہ اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں میں جمع کرانے کا اعلان 31 مئی کو کیا تھا۔

ترک صدر رجب طیب اردگان نے دسمبر 2021 میں ترکی کا نام بدل کر ترکیہ رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا تھا کہ لفظ ترکیہ ہماری ثقافت، تہذیب اور اقدار کی زیادہ بہتر نمائندگی اور عکاسی کرتا ہے۔

ترک زبان میں بھی ترکی کو ترکیہ ہی کہا جاتا ہے۔

نام کیوں تبدیل کیا گیا؟
ترک خبررساں ادارے کے مطابق اگر گوگل پر ترکی سرچ کیا جائے تو ملک کے ساتھ ساتھ شمالی امریکا کے ایک پرندے ٹرکی کی تصاویر بھی سامنے آجاتی ہیں جس کو تھینکس گیونگ یا کرسمس جیسے تہواروں میں کھایا جاتا ہے۔

اسی طرح کیمبرج ڈکشنری میں ترکی کا مطلب بری طرح ناکام یا احمق فرد ہے۔

اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے بھی ملک کا نام بدل کر ترکیہ کیا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ ممالک کے نام تبدیل ہونا غیرمعمولی نہیں۔

حال ہی میں نیدرلینڈز نے ہالینڈ کا نام استعمال کرنا ترک کردیا تھا جبکہ مقدونیا نے اپنا نام تبدیل کرکے شمالی مقدونیا رکھ لیا تھا۔

1935 میں پرشیا نام کو بدل کر ایران رکھا گیا تھا، سیام کو اب تھائی لینڈ کہا جاتا ہے جبکہ رہوڈیشیا کا نام اب زمبابوے ہے۔