ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ پولیس کی حراست میں خاتون کی ہلاکت کے بعد احتجاج کے معاملے پر ایران کی خودمختاری کی خلاف ورزی کرنے کی امریکی کوششوں کا جواب دیا جائے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ایران میں اس وقت عوامی سطح پر مظاہرے شروع ہوئے تھے جب گزشتہ ہفتے ایران کی اخلاقی پولیس کے ہاتھوں غیر موزوں لباس پہننے پر گرفتار 22 سالہ نوجوان خاتون مہسا امینی ہلاک ہوگئی تھیں۔
اس معاملے پر عالمی سطح پر مذمت کی گئی تھی، ایران نے کہا کہ امریکا فسادیوں کی حمایت کررہا ہے اور ایران کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نصیر کنانی نے ’نور نیوز‘ کو بتایا کہ واشنگٹن ہمیشہ ایران کے استحکام اور سیکیورٹی کو کمزور کرنے کی کوشش کرتا ہے حالانکہ وہ ناکام ہوتا ہے۔
انسٹا گرام پر نصیر کنانی نے امریکا اور دیگر یورپی ممالک پر الزام عائد کیا کہ وہ المناک حادثے کے بعد فسادیوں کی حمایت کررہے ہیں اور ملک کے نظام کی حمایت کرنے والے لاکھوں لوگوں کی سڑکوں پر موجودگی کو نظر انداز کررہے ہیں۔