امریکا میں ٹرک سے 46 غیرملکیوں کی لاشیں برآمد

eAwazورلڈ

امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر سان انتونیو میں ایک لاوارث ٹرک سے کم از کم 46 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جن کے بارے میں خیال کیا جارہا ہے کہ وہ مہاجرین تھے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آگ بجھانے والے سرکاری اہلکار نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ 4 بچوں سمیت 16 افراد زندہ تھے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال لے جایا گیا۔

اہلکار کے مطابق وہ افراد ہیٹ اسٹروک کا شکار تھے اور گرمی کے باعث نڈھال تھے،ان کے جسم بھی آگ کی طرح گرم تھے۔

شہرکے میئر رون نیرنبرگ نے اس واقعے پر شدید دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اسے بھیانک انسانی المیہ قرار دیا، انہوں نے تصدیق کی کہ مرنے والوں میں پورے پورے خاندان تھے، ممکن ہے کہ یہ سب بہتر زندگی کے لیے یہاں ہجرت کرکے آئے ہوں۔

آگ بجھانے والے سرکاری اہلکار کے مطابق ہنگامی امداد فراہم کرنے والے اہلکار ایک لاش ملنےکی اطلاع کے بعد اس جگہ پہنچے،انہوں نے وہاں کھڑے مشکوک ٹرک کو کھولا تو اس میں لاشیں دیکھ کر خوفزدہ ہوگئے۔

واضح رہے کہ سان انتونیو کا علاقہ انسانی اسمگلروں کے لیے ایک اہم روٹ تصور کیا جاتا ہے جو امریکا میں بغیر دستاویزات کے داخل ہونے والے تارکین وطن کو ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جانے کے لیے بڑے بڑے ٹرکوں کا استعمال کرتے ہیں۔