امریکا کے مختلف حصوں کو موسم سرما کے ایک بڑے طوفان کا سامنا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق طوفان کے باعث امریکا کے شمالی میدانی علاقوں میں برفباری اور بارشیں ہو سکتی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لوزیانا، مسیسیپی اور ٹیکساس میں 24 گھنٹوں میں 18 ہوا کے بگولوں نے تباہی مچائی، جس سے کئی مکانات تباہ، گاڑیاں الٹ گئیں اور 3 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
ہوا کے بگولوں کی وجہ سے لوزیانا میں 45 ہزار سے زائد اور مسیسیپی میں 9 ہزار سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لوزیانا میں گورنر نے طوفان کے باعث ہنگامی صورت حال نافذ کر رکھی ہے۔
طوفان کے باعث پروازوں کی آمدورفت بھی متاثر ہوئی جبکہ ڈکوٹا، کولوراڈو، نبراسکا کے علاقوں میں برفباری کے باعث اسکول بند کردیے گئے ہیں۔