واشنگٹن: امریکی صدر جوبائیڈن سعودی فرماں روا اور ولی عہد سے ملاقات کریں گے۔
عرب میڈیا کے مطابق وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ صدر جوبائیڈن آئندہ دنوں میں دورہ جدہ کے دوران سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے جس میں خطے میں ایرانی خطرات کے پیش نظر ائیرڈیفنس سسٹم سے متعلق بات چیت کی جائے گی۔
وائٹ ہاؤس کا کہنا ہےکہ امریکی صدر سعودی فرماں روا اور ان کی قیادت میں کام کرنے والی ٹیم کے ساتھ ایک میٹنگ بھی کریں گے جس میں باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ترجمان وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر جوبائیڈن آئندہ ہفتے اپنے پہلے دورہ مشرق وسطیٰ پر روانہ ہوں گے جس کے بعد وہ 15 اور 16 جولائی کو شاہ سلمان کی دعوت پر جی سی سی سمٹ میں شرکت کریں گے جب کہ اس سمٹ میں عراق، مصر اور اردن بھی شامل ہوں گے۔
اس کے علاوہ امریکی صدر دورہ سعودی عرب سے پہلے اسرائیل اور مغربی کنارے پر بھی قیام کریں گے۔