انڈونیشیا میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 162 ہوگئی، سیکڑوں زخمی

eAwazورلڈ

انڈونیشیا میں 5.6 شدت کے زلزلےکے نتیجے میں اموات کی تعداد 162 ہوگئی۔

زلزلہ صوبہ مغربی جاوا میں آیا جس کے جھٹکے انڈونیشین دارالحکومت جکارتہ تک محسوس کیےگئے۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز دارالحکومت جکارتہ سے 75 کلومیٹر کے فاصلے پر جنوب مشرق کی جانب واقع قصبے سیانجُر میں 10کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔

گورنر مغربی جاوا کے مطابق زلزلےکے باعث 162 افراد ہلاک ہوئے ہیں جب کہ 700 سے زائد زخمی ہیں اور 2200 سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔

حکام کے مطابق امدادی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، شہریوں کو زلزلےکے آفٹر شاکس سے بھی خبردار رہنےکی ہدایت کی گئی ہے، عمارتوں کے ملبے تلے دبے درجنوں افراد کی تلاش کا کام جاری ہے، 5 ہزار 3 سو سے زائد افراد بے گھر ہوئے ہیں، متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے اور مواصلات کا نظام متاثر ہے، لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کئی علاقوں میں لوگ پھنسے ہوئے ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق زلزلے کے جھٹکوں سے جکارتہ میں بھی متعدد عمارات 3 منٹ تک لرزتی رہیں اور کچھ کو خالی بھی کرایا گیا۔

خیال رہےکہ انڈونیشیا رنگ آف فائر یعنی مسلسل زلزلے اور آتش فشاں کے دھماکوں والے علاقے میں آباد ہے۔

فروری 2022 میں 6.2 شدت کے زلزلے سے مغربی سماٹرا میں 25 افراد ہلاک اور 460 زخمی ہوگئے تھے۔

جنوری 2021 میں صوبے مغربی Sulawesi میں 6.2 شدت کے زلزلے سے 100 سے زیادہ افراد ہلاک اور ساڑھے 6 ہزار کے قریب زخمی ہوئے تھے۔

انڈونیشیا میں 2004 میں آنے والی تباہ کن سونامی کے نتیجے میں ایک لاکھ 20 ہزار افراد ہلاک ہو گئے تھے۔