امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ امریکی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی)کو خفیہ دستاویزات کا جائزہ لینے سے روکا جائے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف بی آئی سابق صدر کے گھر سے ملی خفیہ دستاویزات سے متعلق تحقیقات جاری رکھنا چاہتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ٹرمپ کے خلاف مجرمانہ تحقیقات کے سلسلے میں امریکی محکمہ انصاف نے وفاقی عدالت میں ٹرمپ کے گھر سے ملی دستاویزات کا جائزہ لینے کی درخواست کی ہے۔
امریکی محکمہ انصاف کی درخواست پر ٹرمپ کے وکلا کی جانب سے مخالفت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ٹرمپ کے گھر سے ضبط کی گئیں دستاویزات خفیہ ہیں، ایف بی آئی یا پراسیکیوٹر کو ان خفیہ دستاویزات کا جائزہ لینے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔
واضح رہے کہ ایف بی آئی نے پچھلے ماہ فلوریڈا میں ٹرمپ کے گھر چھاپے کے دوران خفیہ دستاویزات ضبط کی تھیں۔
رپورٹس کے مطابق ٹرمپ کے گھر سےٹاپ سیکرٹ خالی خفیہ فولڈرز اور کئی دیگر دستاویزات برآمد کی گئیں، ٹرمپ نے 11 ہزار سرکاری دستاویزات اپنے پاس رکھی ہوئی تھیں۔