بائیڈن انتظامیہ کا شامی باغیوں سے پہلا رابطہ، جامع حکومت کے قیام پر زور

eAwazورلڈ

واشنگٹن: امریکی حکومت نے بشار الاسد حکومت کا تختہ الٹنے والے باغی گروپ حیات التحریر سے رابطہ کرکے شام میں ایک جامع حکومت کے قیام پر زور دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مشرق وسطیٰ میں امریکی اتحادیوں اور ترکیہ کے ذریعے کیے گئے رابطے میں بائیڈن انتظامیہ نے شامی حکام سے کہا کہ خودکار قیادت سنبھالنے کے بجائے جامع عمل کے ذریعے عبوری حکومت قائم کی جائے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق کیپیٹل ہل کے کچھ قانون سازوں نے بائیڈن انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ شام اور خاص کر حیات التحریر پر لگائی گئی پابندیاں اٹھائی جائیں کیونکہ یہ حالات کی بحالی میں رکاوٹ ہوں گی۔

دوسری جانب شامی دارالحکومت دمشق میں 3 دن کرفیو کے بعدمعمولات زندگی بحال ہونے لگے جہاں بینک اور بازار بھی دوبارہ کھل گئے ہیں۔

شام کے نگراں وزیر اعظم محمد البشیر کا کہنا ہے کہ شامیوں کو استحکام ضرورت ہے، اداروں کو دوبارہ ترتیب دینے کا عمل جاری ہے۔

واضح رہے کہ شام میں بشار الاسد کی حکومت ختم ہونے اور باغیوں کے قبضے کے بعد اب ایک عارضی حکومتی سیٹ اپ کے قیام پر کام جاری ہے۔

اس حوالے سے حیات التحریر کے رہنما محمد البشیر کو اگلے سال مارچ تک شام کی عبوری حکومت کا نگراں وزیر اعظم مقرر کردیا گیا ہے۔