بشار الاسد کے اقتدار کا خاتمہ، ترکیہ میں شامی قونصل خانے سے شامی پرچم اتار دیا گیا

eAwazورلڈ

شام میں اپوزیشن فورسز کی جانب سے دارالحکومت دمشق پر کنٹرول اور شامی صدر بشار الاسد کے فرار کے بعد ترکیہ میں شامی قونصل خانے سے شامی پرچم اتار دیا گیا۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کی جانب سے فراہم کی جانے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ قونصل خانے کی بالکونی میں نصب شامی جھنڈا اتارا جارہا ہے اور بالکونی میں موجود افراد شامی اپوزیشن کی جانب سے استعمال کیے جانے والا شام کا پرانا جھنڈا لہرارہے ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ترک دارالحکومت کے علاقے فاتح میں جہاں بڑی تعداد میں شامی شہری رہتے ہیں، لوگوں نے سڑکوں پر نکل جشن منایا۔

خیال رہے کہ شامی اپوزیشن فورسز نے مختلف شہروں کے بعد دارالحکومت دمشق پر بھی قبضے اور صدر بشار الاسد کے ملک سے فرار ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔

علاوہ ازیں شامی صدر بشار الاسد کا طیارہ مبینہ طور پر روس جاتے ہوئے ریڈار سے غائب ہو گیا جس کے بعد ان کی حادثے میں مارے جانے کی متضاد اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شام کے دارالحکومت دمشق میں باغیوں کے داخل ہونے سے پہلے ہی بشار الاسد ایک طیارے میں نامعلوم مقام کی جانب روانہ ہو گئے تھے۔