دہلی : بھارت میں بھوک کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے، بھارت گلوبل ہنگر انڈیکس میں شامل 116 ممالک میں 101 ویں نمبر پر آگیا ہے، نئی دہلی نیپال، بنگلا دیش اور پاکستان سے بھی کافی نیچے آ چکا ہے۔کنسرن ورلڈ وائیڈ اور ویلٹ ہنگرہلفے کی جاری کردہ مشترکہ رپورٹ کے مطابق بھارت کا جی ایچ آئی اسکور بھی 28.8 سے گر کر 27.5 پر آگیا جبکہ پاکستان کا جی ایچ آئی اسکور32.1 سے گر کر 24.7 پر آگیا ہے۔
جی ایچ آئی اسکور میں غذائی قلت، غذائیت کی کمی اور بچوں کی شرح نمو و اموات شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس بھارت عالمی سطح پر 94ویں نمبر پر تھا تاہم اب وہ اس انڈیکس میں افغانستان، نائیجیریا اور کانگو جیسے چند افریقی ممالک سے ہی آگے ہے۔گلوبل ہنگر انڈیکس میں شامل 116 ممالک میں پاکستان 92ویں، بنگلادیش اور نیپال 76ویں جبکہ میانمار 71 ویں نمبر پر ہے۔عالمی رپورٹ کے مطابق چین، ترکی، کویت سمیت 18 ممالک 5 سے کم جی ایچ آئی اسکور کے ساتھ سرفہرست ہیں۔