ترکیہ میں ہونے والے دھماکے کا مرکزی ملزم گرفتار

eAwazورلڈ

استنبول: ترکیہ میں گزشتہ روز ہونے والے بم دھما کے کے ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق استنبول پولیس استقلال ایونیو میں ہونے والے بم دھماکے کے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

تازہ رپورٹ کے مطابق استنبول میں ہونے والے بم دھماکے میں 6 افراد جاں بحق اور 81 زخمی ہوئے تھے دھماکےکے وقت سیاحوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

ترک وزیرداخلہ کا کہنا ہے کہ پولیس نے استنبول کے استقلال ایونیو پر بم نصب کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا ہے ملزم نے استنبول کے مصروف ترین علاقے استقلال اسٹریٹ پر بم نصب کیا تھا۔

دھماکے کی سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جائے وقوعہ پر سیاحوں کی بڑی تعداد موجود تھی اور دھماکے کے بعد افراتفری پھیل گئی جس سے کچلے جانے کے باعث بھی لوگوں کی بڑی تعداد زخمی ہوئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ترک صدر رجب طیب اردگان نے واردات کو دہشتگردی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ابتدائی معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ اس حملے میں ایک خاتون کا کردارہے۔

ترکیہ کے وزیر انصاف بیکر بوزداگ نے بھی مقامی میڈیا کو بتایا تھا کہ خاتون کو استقلال ایونیو کے ایک بینچ پر 40 منٹ سے زیادہ بیٹھتے ہوئے دیکھا گیا اور جیسے ہی عورت اُٹھ کر وہاں سے گئی تو دھماکہ ہوا۔