جنوبی کوریا: قائم مقام صدر کے مواخذے کا فیصلہ مؤخر

eAwazورلڈ

جنوبی کوریا میں اپوزیشن نے قائم مقام صدر ہان ڈک سو کے مواخذے کا فیصلہ مؤخر کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اپوزیشن جماعت ڈیموکریٹک پارٹی کا کہنا ہے کہ قائم مقام صدر ہان ڈک سو کے مواخذے کے فیصلے کو رواں ہفتے کے اختتام تک مؤخر کر رہے ہیں۔

اس سے قبل جنوبی کوریا میں معزول صدر یون سک یول کے خلاف تحقیقات کے لیے 2 خصوصی بل پر دستخط سے انکار کے بعد اپوزیشن نے قائم مقام صدر کے مواخذے کا اعلان کیا تھا۔

جنوبی کوریا کے رکن قومی اسمبلی پارک چن ڈے کا کہنا ہے کہ ہم نے لوگوں کے جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے صبر کا مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ اپوزیشن جماعت ڈیموکریٹک پارٹی نے بل کی منظوری کے لیے کرسمس تک کی ڈیڈ لائن دی تھی، دونوں بلز میں معطل صدر یون کے مارشل لاء اور ان کی اہلیہ پر بدعنوانی کے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

اپوزیشن کا مطالبہ ہے کہ 2 آزاد تحقیقاتی ادارے یون سک یول کے مارشل لاء اور خاتون اوّل کے مبینہ رشوت کے معاملات کی چھان بین کریں۔

قائم مقام صدر نے کابینہ اجلاس میں اپوزیشن کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے ان بلوں کے لیے دو طرفہ اتفاق رائے پر زور دیا تھا، جس پر اپوزیشن رہنما نے یہ کہتے ہوئے ان کے مواخذے کی کارروائی کا آغاز کیا تھا کہ لگتا ہے کہ قائم مقام صدر ہان ڈک سو کارروائیوں میں تاخیر کے ذریعے بغاوت جاری رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔