Ranil Wickremesinghe elected new Prime Minister of Sri Lanka

رانیل وکرم سنگھے سری لنکا کے نئے وزیر اعظم منتخب

eAwazورلڈ

سری لنکا کے صدر نے اپنے بھائی کی جگہ نئے وزیر اعظم سے حلف لے لیا ہے، جن پر ملک کے معاشی بحران کے خلاف ایک احتجاج پر ان کے حامیوں کی جانب سے پرتشدد حملوں کے بعد ملک چھوڑنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کی رپورٹ کے مطابق نئے وزیراعظم رانیل وکرم سنگھے اس سے قبل 5 بار وزیر اعظم کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں لیکن یہ دیکھنا ابھی باقی ہے کہ وہ پارلیمان کے ذریعے نئی قانون سازی کرنے کے قابل ہو سکیں گے۔

73 سالہ وزیراعظم کو سری لنکا کی تاریخ کے بدترین بحران سے نبرد آزما ہونے کی ذمہ داری سونپی جائے گی جس میں مہینوں سے جاری شدید قلت اور بجلی کی طویل بندش نے عوام کے غصے کو بھڑکادیا ہے۔

رانیل وکرم سنگھے نے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد کہا کہ ہم ملک کو اس پوزیشن پر واپس لانا چاہتے ہیں جب لوگوں کو دوبارہ دن میں 3 وقت کھانا مل سکے گا،۔ ہمارے نوجوانوں کا لازمی مستقبل ہونا چاہیے۔

حزب اختلاف کے قانون سازوں کی جانب سے استعفیٰ دینے کے مطالبے پر 72 سالہ سری لنکن صدر گوٹابایا راجا پاکسے نے اپنے زیادہ تر انتظامی اختیارات ترک کرنے اور نئی کابینہ کے لیے راہ ہموار کرنے کا عہد کیا ہے۔

صدر کے بھائی مہندا راجاپکسے نے اپنے حامیوں کی جانب سے حکومت کے خلاف کئی مہینوں سے پرامن احتجاج کرنے والے مظاہرین پر حملے کیے جانے کے بعد بطور وزیر اعظم استعفیٰ دے دیا۔