بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے سرحد پر چینی اور بھارتی فوجیوں کی جھڑپ میں اپنے فوجیوں کے زخمی یا ہلاک ہونے کی تردید کردی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق چینی اور بھارتی فوج کے درمیان لائن آف ایکچوئل پرجھڑپ کو لے کر پارلیمنٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ گزشتہ روز پیش آنے والے واقعے میں کوئی بھارتی فوجی زخمی ہوا اور نہ ہی کوئی ہلاکت سامنے آئی۔
راج ناتھ سنگھ نےکہا کہ بھارتی فوج اپنے ملک کی سرزمین کی سلامتی کے لیے پرعزم ہے۔
بھارتی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ چینی افواج کو اس طرح کے عمل سے گریز کرنے کا کہا گیا ہے تاکہ سرحد پر امن برقرار رہے۔
گزشتہ روز اروناچل پردیش میں لائن آف ایکچوئل کے توانگ سیکٹر پر چینی اور بھارتی فوج کے درمیان جھڑپ ہوئی تھی جس حوالے سے بھارتی فوج نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ جھڑپ میں دونوں جانب سے فوجیوں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔
خیال رہے کہ چینی اور بھارتی فوج کے درمیان2020 میں بھی لداخ کی وادی گلوان میں جھڑپیں ہوئی تھیں جس میں بھارت کے 20 اور چین کے 4 فوجی مارے گئے تھے۔