بشار الاسد حکومت کا تختہ الٹنے والی فورسز کے سربراہ اور ملک کے عبوری رہنما احمد الشرع کا کہنا ہے کہ شام میں انتخابات کے انعقاد میں 4 سال لگ سکتے ہیں۔
عرب ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے احمد الشرع کا کہنا تھا شام میں آئین کی تیاری میں 3 سال تک لگ سکتے ہیں اور انتخابات کے انعقاد میں 4 سال لگ سکتے ہیں۔
احمد الشرع کا کہنا تھا قومی ڈائیلاگ کانفرنس میں ہيئت التحرير الشام کی تحلیل کا اعلان کریں گے۔
ان کا کہنا تھا شام کے روس کے ساتھ اسٹریٹجک مفادات ہیں، ہم نہیں چاہتے روس شام سے تعلقات کو غیر موزوں طریقے سے چھوڑ دے۔
احمد الشرع کا کہنا تھا شام کی وزارت دفاع کرد فورسز کو اپنی صفوں میں ضم کرے گی، امید ہے ٹرمپ انتظامیہ شام پر سے پابندیاں اٹھا لے گی۔
خیال رہے کہ شام میں اپوزیشن فورسز نے چند روز کے بعد ملک کے بڑے شہروں پر قبضہ کرتے ہوئے سابق صدر بشار الاسد کو ملک سے فرار ہونے پر مجبور کر دیا تھا۔ بشار الاسد اپنی فیملی کے ساتھ روس فرار ہو گئے تھے جہاں انہوں نے سیاسی پناہ لے لی ہے۔