امریکا نے الزام عائد کیا ہے کہ شمالی کوریا رواں ماہ ممکنہ طور پر جوہری تجربہ کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔
امریکی وزارتِ خارجہ کی نائب ترجمان جلینا پورٹر نے جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ شمالی کوریا ٹیسٹ سائٹ تیار کر رہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ جوہری تجربے کے لیے ٹیسٹ سائٹ رواں ماہ تیار ہو سکتی ہے۔
امریکی وزارتِ خارجہ کی نائب ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ شمالی کوریا سے متعلق معلومات کا تبادلہ اتحادیوں کے ساتھ کیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق شمالی کوریا اس سے قبل 6 مرتبہ جوہری تجربات کر چکا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کا یہ بھی کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے آخری مرتبہ 2017ء میں جوہری تجربہ کیا تھا۔
دوسری جانب جنوبی کورین فوج کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے آبدوز سے شارٹ رینج بیلسٹک میزائل ایس ایل بی ایم کا تجربہ کیا ہے۔
جاپانی وزارتِ دفاع کا بھی کہناہے کہ شمالی کوریا نے ممکنہ طور پر ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔