کراچی:گزشتہ ایک سال میں شپنگ لائنز کے کرایوں میں ہوش ربا اضافے نے تاجروں کا بجٹ بری طرح متاثر کر دیا ہے۔چاہے سیمںٹ کا ایکسپورٹر ہو یا آٹو پارٹس کا، امپورٹر سب شپنگ لائنز کے کرایوں میں ہوش ربا اضافے کا رونا رورہے ہیں۔ ایک سال میں کراچی سے امریکہ کی نیویارک پورٹ کے لیے 40 فٹ کے کنٹینر کا کرایہ 2200 ڈالر سے بڑھ کر 11 ہزار ڈالر ہوگیا، اسی طرح چین کی شنگھائی پورٹ سے 40 فٹ کا کنٹینر کراچی پورٹ لانے کے لیے امپورٹر شپنگ کمپنی کو ایک سال قبل 900 ڈالر دیتا تھا اب یہ کرایہ 10 گنا اضافے سے 9 ہزار ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔
پاکستان چونکہ بہت سی مصنوعات درآمد کرتا ہے اس لیے شپنگ لائنز کے کرایوں میں اضافہ درآمدی مصنوعات مہنگی ہونے کا ایک عنصر بن رہا ہے۔مقامی شپنگ انڈسٹری کو فروغ نہ ملنا نہ صرف حکومت کو بڑی آمدن سے محروم کر رہا ہے بلکہ تاجر بھی اس کی بھاری قیمت ادا کررہے ہیں۔