اسرائیل نے شمالی غزہ کے علاقے بیت لاہیہ میں ایک رہائشی ٹاور پر حملہ کرکے 72 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق غزہ کے سرکاری میڈیا نے بتایا کہ بیت لاہیہ میں اسرائیل نے بمباری کی جس کے نتیجے میں 72 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔
فلسبینی سول ڈیفنس نے کہا کہ ان کی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچنے سے قاصر ہیں جبکہ عمارت کے ملبے میں درجنوں افراد پھنسے ہوئے ہیں اور وہاں کئی زخمی بھی موجود ہیں۔
میڈیکل ذرائع نے بتایا کہ غزہ میں آج صبح سے اسرائیل کی کارروائیوں میں شہادتوں کی تعداد 111 ہوگئی ہے
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق حملے کی فوٹیجز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مقامی شہری زخمیوں اور شہدا کو ملبے سے نکال رہے ہیں اور اطراف میں عمارتوں اور گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل کی فوج نے گزشتہ ماہ بیت لاہیہ، بیت حنون اور جبالیہ میں قائم 8 تاریخی مہاجر کیمپوں میں ٹینک بھیج دیے تھے اور اس اقدام کو حماس سے لڑائی کا مقصد قرار دیا تھا۔
اسرائیل کے اس اقدام کے نتیجے میں کیمپوں سے ہزاروں فلسطینیوں کو بے گھر ہونا پڑا تھا۔
خیال رہے کہ غزہ میں اسرائیل کی جانب سے گزشتہ برس اکتوبر میں شروع کی گئی جنگ میں اب تک 43 ہزار 846 فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 3 ہزار 740 زخمی ہوگئے ہیں۔
دوسری جانب حماس کے حملے میں ایک ہزار 139 اسرائیلیوں کے مارے جانے کی رپورٹس سامنے آئی تھیں اور 200 سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا تھا۔
اسرائیل نے خطے میں اپنی مسلط کردہ جنگ میں لبنان میں اب تک 3 ہزار 452 سے زائد شہریوں کو شہید کردیا ہے اور زخمیوں کی 14 ہزار 664 سےزائد ہے۔