فوجی مشن کے خاتمے کا مطلب افغانستان میں سفارتی مشن کا خاتمہ نہیں، نیڈ پرائس

eAwazورلڈ

امریکی وزراتِ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ فوجی مشن کے خاتمے کا مطلب افغانستان میں سفارتی اور فلاحی مشن کا خاتمہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ طالبان حکومت سے توقع ہے وہ افغان عوام سے کیے گئے وعدوں کی پاسداری کرے گی۔ ایک سال میں امریکا نے تحفظ کےغیرمعمولی اقدامات کیے ہیں۔

امریکی وزراتِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ القاعدہ لیڈر ایمن الزواہری کی ہلاکت کے ثبوت موجود ہیں، افغان انخلاء سے آج ہمارے پاس نئے عالمی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے زیادہ وسائل ہیں۔

نیڈ پرائس نے کہا کہ نئے عالمی چیلنجوں میں موسمیاتی تبدیلی، روسی جارحیت اور چین سے مقابلہ شامل ہیں۔

امریکی وزراتِ خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ جوہری معاہدے کے لیے ایران کو ہر صورت ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری ترک کرنا ہوگی، امریکی ارکانِ کانگریس کے دورہ تائیوان پر چین کا ردعمل غیرذمہ دارانہ ہے۔