مسلم لیگ (ن) کے صدرشہباز شریف کے وزیراعظم منتخب ہونے پر امریکا کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی ( اے ایف پی ) کے مطابق پیرکو شہباز شریف کے وزیر اعظم منتخب ہونے کے چند گھنٹے بعد وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری جین ساکی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ‘ ایک جمہوری پاکستان امریکا کے مفادات کے لیے اہم ہے’۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق وائٹ ہاؤس میں ایک پریس بریفنگ میں ساکی نے کہا کہ ‘ہم آئینی جمہوری اصولوں کی پرامن عملدرآمد کی حمایت کرتے ہیں’۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری نے مزیدکہا کہ امریکا یقینی طور پر قانون کی حکمرانی اور قانون کے تحت مساوی انصاف کے اصولوں کی حمایت کرتا ہے۔
ساکی نے مزید کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اس نے ہمیشہ ایک خوشحال اور جمہوری پاکستان کو امریکی مفادات کے لیے اہم سمجھا ہے ،خواہ قیادت کوئی بھی ہو اس میں کوئی تبدیلی نہیں آتی۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق پریس بریفنگ میں ساکی سے ایک سوال کیا گیا کہ کیا بائیڈن شہباز شریف کو فون کریں گے؟ جس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مستقبل میں فون کالز کے لحاظ سے، میرے پاس اس وقت کہنے کیلئے کچھ نہیں ہے۔
نیوز سورس جیو نیوز