Myanmar army rammed a truck into protesters

میانمار میں فوج نے مظاہرین پر ٹرک چڑھا دیا، متعدد زخمی

eAwazورلڈ

میانمار کے تجارتی دارالحکومت ینگون میں ایک فوجی ٹرک مظاہرین کے ہجوم پر چڑھ دوڑا جس کے نتیجے میں متعدد افراد شدید زخمی ہوگئے۔بی بی سی کے مطابق مقامی عینی شاہدین نے بتایا کہ ٹرک سے مظاہرین کو ٹکر مارنے کے بعد فوجیوں نے فرار ہونے والے کچھ مظاہرین پر گولیاں بھی چلائیں جبکہ دیگر کو زدوکوب کیا۔

فوج نے کہا کہ اس نے اس تازہ ترین احتجاج میں 11 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ تین زخمی ہیں اور ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ تاہم فوج نے اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ آیا کوئی ٹرک مظاہرین کے گروپ میں داخل ہوا تھا یا نہیں لیکن کہا ہے کہ اس نے “فساد” کرنے والے ہجوم کو منتشر کر دیا تھا۔دوسری جانب مقامی خبر رساں ایجنسی ایم پی اے نے بتایا کہ گرفتار ہونے والوں میں اس کے دو رپورٹرز بھی شامل ہیں۔

ایجنسی نے کہا کہ ان میں سے ایک زخمی ہے اور دوسرے سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔واضح رہے کہ فروری سے جاری فوجی بغاوت کے بعد سے اب تک متعدد مظاہروں کے دوران 1,200 سے زائد شہری مارے جا چکے ہیں اور ہزاروں کو قید کیا گیا ہے۔