نئے سال کے آغاز پر روس کے میزائل حملوں سے یوکرین لرز اٹھا

eAwazورلڈ

روس کی جانب سے 3 روز کے دوران دوسری بار میزائل حملوں کے نتیجے میں نئے سال کے موقع پر یوکرین دھماکوں سے لرز اٹھا۔

خبررساں ایجنسیز کی رپورٹ کے مطابق کیف کے میئر وٹالی کلِٹسکو نے کہا کہ دارالحکومت میں سلسلہ وار دھماکوں میں کم از کم ایک شخص ہلاک اور 8 افراد زخمی ہوئے۔

خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق نامہ نگاروں نے شہر میں 10 زور دار دھماکوں کی آوازیں سنیں۔

کیف کے میئر نے بتایا کہ دھماکوں میں زخمی ہونے والوں میں ایک جاپانی صحافی بھی شامل ہے جسے ہسپتال لے جایا گیا۔

شہر کی انتظامیہ کے مطابق کیف شہر کے مرکز کے جنوب میں واقع ایک ہوٹل کو نشانہ بنایا گیا جبکہ دوسرے ضلع میں ایک رہائشی عمارت کو نقصان پہنچا۔

یوکرین کے صدارتی دفتر کے ایک عہدیدار کیریلو تیموشینکو نے ٹیلی گرام پر لکھا کہ ’ہنگامی بنیادوں پر خدمات فراہم کرنے کے لیے جائے وقوعہ کی جانب مدد بھیجی جا رہی ہے‘، تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

کیف کے عسکری گورنر اولیکسی کولیبا نے ممکنہ میزائل حملے سے پہلے ہی خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ علاقے میں فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

روس کی جانب سے حملوں کی زد میں یوکرین کے دیگر شہر بھی آئے، میکولائیو کے جنوبی علاقے میں مقامی گورنر وٹالی کِم نے ٹیلی ویژن پر بتایا کہ حملے میں 6 افراد زخمی ہوئے ہیں۔