نیویارک کے متعدد عوامی مقامات پر اسلحہ لے کر چلنے پر پابندی

eAwazورلڈ

امریکی ریاست نیویارک نے ایک قانون منظور کر کے ٹائم اسکوائر سمیت متعدد عوامی مقامات پر اسلحہ لے کر چلنے پر پابندی عائد کردی۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز’ کی رپورٹ کے مطابق اس کے ساتھ اسلحے کا لائسنس حاصل کرنے کے خواہشمندوں سے ان کی نشانہ بازی کی صلاحیت ثابت کرنے اور جائزے کے لیے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم کرنے کا بھی کہا جارہا ہے۔

مذکورہ قانون اسمبلی کے ایک ہنگامی اجلاس میں منظور کیا گیا جس کا محرک امریکی سپریم کورٹ کا گزشتہ ہفتے جاری کردہ فیصلہ تھا جس میں نیویارک کے اسلحہ کے لائسنس پر پابندی کے قوانین کو کالعدم قرار دیا گیا تھا۔

عدالت میں قدامت پسند ججز کی اکثریت نے پہلی مرتبہ قرار دیا تھا کہ امریکی آئین ہر شہری کو اپنے دفاع کے لیے عوامی مقام پر اسلحہ ساتھ رکھنے کا حق دیتا ہے۔

نیویارک میں آزاد خیال رہنماؤں نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’اگر زیادہ افراد اسلحہ لے کر چلیں گے تو فائرنگ کے مزید واقعات ہوں گے‘۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ عدالتی حکم کی تعمیل کرتے ہوئے ریاست کی جانب سے اسلحے کے اجازت نامے کی ایک صدی پرانی اسکیم میں نرمی کرنا ہوگی لیکن عوام کے تحفظ کے نام پر جتنی پابندی وہ لگا سکتے لگانے کی کوشش کی۔