ٹی 20 ورلڈ کپ، افتتاح کو ’’شاہی‘‘ رنگ میں رنگا جائے گا

eAwazورلڈ, کھیل

مسقط: ٹی20 ورلڈ کپ کے افتتاح کو ’’شاہی‘‘ رنگ میں رنگا جائے گا جب کہ افتتاحی تقریب میں گھوڑے کی پشت پر ٹرافی پچ پر آئے گی۔ٹی20 ورلڈ کپ کا آغاز17 اکتوبرکو ہورہا ہے،ابتدائی راؤنڈ کے میچز کی میزبانی عمان کرے گا،پہلا مقابلہ میزبان اور پاپوانیوگنی کے درمیان ہوگا،ٹاس اور کھیل شروع ہونے کے درمیان افتتاحی تقریب سجائی جائے گی۔

افتتاح کو عمان کے شاہی رنگ میں رنگنے کی پلاننگ ہورہی ہے، اولمپکس اور فیفا ورلڈ کپ کے برعکس اس تقریب میں چکاچوند کے بجائے عمانی خواتین کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔عمان کرکٹ کے چیئرمین پنکج کھیم جی نے کہاکہ ہم ٹی 20 ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب پر خصوصی شو کی پلاننگ کررہے ہیں، عام طور پر بڑے اسپورٹس ایونٹس کی تقاریب کو گلیمر کا تڑکا لگایا جاتا ہے مگر یہ کرکٹ ورلڈ کپ ہے، ہم نے آئی سی سی کو مختصر افتتاحی تقریب کیلیے راضی کرلیا۔انہوں نے کہا کہ خوش قسمتی سے17اکتوبر عمان کا یوم خواتین ہے، ہم نے اس موقع کی مناسبت سے عمانی خواتین کو خراج تحسین پیش کرنے کا فیصلہ کرلیا،اسی حوالے سے پروگرام بھی ترتیب دیے گئے ہیں،

ہم نے ایک خواتین بینڈ کی خدمات حاصل کرلی ہیں جو اس سے قبل لندن کے ونڈسر کیسل میں ملکہ برطانیہ ایلزبتھ دوئم کے سامنے بھی پرفارم کرچکا ہے، یہ ہمارے عمان کے خواتین ڈے کو بھی خاص بنانے کا حصہ ہوگا۔
اس تقریب میں عمان کے کلاسیکل میوزک کے ساتھ ویسٹرن اور بالی ووڈ گانے بھی بجائے جائیں گے، تقریب میں ٹی 20 ورلڈ کپ کا ترانہ پیش کیا جائے گا۔کھیم جی نے بتایا کہ مجموعی طور پر یہ تقریب 20 منٹ پر محیط ہوگی، ہمارے پاس میچ کے ٹاس اور کھیل شروع ہونے کے درمیان 30 منٹ کا وقت موجود ہوتا ہے،اسی میں سے20 منٹ مستعار لے کر میگا ایونٹ کے افتتاح کو یادگار بنایا جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ اس تقریب میں بادشاہی اصطبل کے 20 گھوڑے باؤنڈری کے قریب رہیں گے، ان پر 16 خواتین رائیڈرز سوار ہوں گی، ہم ایک گھوڑے کی پشت پر روایتی عمانی اسٹائل میں ٹرافی کو پچ پر لانے کی منصوبہ بندی بھی کررہے ہیں۔یاد رہے کہ اگست 2018 میں ون ڈے ورلڈ کپ ٹرافی کے ورلڈ ٹورمیں اسی وینیو پر خواتین رائیڈرز سفید گھوڑوں پر سوار ہو کر آئی تھیں،ان میں سے ایک نے چمچماتی ٹرافی کو تھام رکھا تھا۔کھیم جی نے مزید کہاکہ افتتاحی تقریب اور میگا ایونٹ کے ابتدائی 6 میچز کی میزبانی کے حوالے سے پورا عمان کافی پْرجوش ہے، اس سے ہمارا ملک عالمی اسپورٹس منظر نامے پر بھی نمایاں ہوگا، یہ تقریب بھی میچز کی طرح دنیا بھر کے 100 سے 200 ملین ناظرین کے سامنے پیش ہوگی، ہمیں اس ایونٹ کی میزبانی کے حوالے سے حکومت کا مکمل تعاون حاصل ہے۔