لندن میں موجود ’بیورو آف انویسٹی گیٹو جرنلزم‘ اور برطانوی اخبار ’سنڈے ٹائمز‘ نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت کی خفیہ ایجنسیز کے حکم پر بھارتی ہیکرز کے گینگ نے پاکستانی سیاستدانوں، فوجی افسران اور سفارتکاروں کی ای میل ہیک کروائے اورخفیہ آلات کے ذریعے سے ان کی گفتگو ریکارڈ کی۔
رپورٹ کے مطابق بھارت میں مذکورہ اداروں کے صحافیوں کی جانب سے خفیہ تحقیقات اور اس کے نتیجے میں افشا ہونے والی دستاویزات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ نجی برطانوی تفتیش کار بھارت سے ہونے والی ہیکنگ گینگ کے ذریعے درجنوں اعلیٰ شخصیات کی جاسوسی کر رہے تھے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کے سابق فوجی آمر جنرل پرویز مشرف سب سے بڑا ہدف تھے۔
رواں سال 10 جنوری کو اُس وقت کے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا ای امیل اکاؤنٹ بھی ہیک کیا گیا، ہیکر نے فواد چوہدری کے ای میل کا اِن باکس کا اسکرین شاٹ بھی لیا جو سنڈے ٹائمز اور ’بیورو آف انویسٹی گیٹو جرنلزم‘ کی جانب سے بھی دیکھا گیا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہیکنگ گینگ نے پاکستان کے سینئر جنرلز کے علاوہ چین کے شہر بیجنگ ، شنگھائی اور نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو کے سفارت خانوں کو بھی ہیکنگ کا نشانہ بنایا۔
وائٹ انٹرنیشنل کے تحت کام کرنے والا ہیکنگ گینگ بھارت کی نواحی بستی گروگرم میں موجود عمارت کے چوتھے فلور سے کام کرتے ہے، ہیکنگ گینگ کا ماسٹر مائنڈ سائبر سیکیورٹی پنڈٹ 31 سالہ ادیتیا جین ہے۔
رپورٹ کے مطابق ادیتیا جین نے اعتراف کیاکہ انہوں نے ماضی میں کئی لوگوں کی نجی گفتگو وغیرہ ہیک کی ہیں اور دعویٰ کیا کہ وہ اپنے ڈیٹا بیس میں موجود کچھ لوگوں کو نہیں جانتا اور اس نے فہرست میں شامل دیگر لوگوں کو ہیک کرنے کے الزام سے انکار کردیا۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ برطانوی نجی جاسوسوں کی جانب سے بھرتی کیا گیا ہیکر ادیتا جین پچھلے 7 برسوں سے ہیکنگ کا کام کررہے ہیں، برطانوی نجی جاسوسوں نے انہیں ای میل اکاؤنٹس ، کمپیوٹر کیمرہ اور مائکروفون کو ہیک کرنے کا ہدف مقرر کیا تھا۔