چین کا افریقی ممالک کو ایک ارب کورونا ویکسین دینے کا اعلان

eAwazورلڈ

بیجنگ: چینی صدر شی جن پنگ نے وبا سے نمٹنے کے لیے افریقی ممالک کو ایک ارب ویکسین دینے کا اعلان کردیا۔چین 60 کروڑ ویکسین براہ راست فراہم کرے گا، 40 کروڑ ویکسین دیگر ذرائع سے دی جائیں گی۔

دنیا بھر میں اومی کرون کے کیسز سامنے آنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ سپین میں اومی کرون ویرئینٹ کا پہلا کیس سامنے آ گیا جبکہ نیدر لینڈز میں اومی کرون کے کیسز کی تعداد 14 اور ہانگ کانگ میں تین ہو گئی۔

ہانگ کانگ میں تینوں متاثرہ افراد افریقی ممالک کا سفر کرکے آئے تھے۔ برطانیہ میں اومی کرون کی روک تھام کے لیے 39 سال کی عمر کے افراد کو کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگائی جائے گی۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے جنوبی افریقہ پر سفری پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو کورونا کی نئی قسم سے متعلق آگاہ کرنے پر افریقی ممالک کو سزا نہیں ملنی چاہیے، افریقہ میں غیر اخلاقی حد تک کورونا ویکسین کی کم فراہمی کی ذمہ دار ی وہاں کے عوام پر عائد نہیں ہوتی۔