کشمیرکی صورتحال آتش فشاں جیسی ہے جوپھٹ سکتاہے، فاروق عبداللہ
سری نگر : مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ فاروق عبداللہ بھی مودی حکومت پر برس پڑے۔ کہتے ہیں کہ مودی کے ہندوستان میں مسلمان ہونا خوفناک ہے، کب تک ہم اور ہمارے لوگ مشکلات اٹھاتے رہیں گے، کشمیر کی صورتحال ایک آتش فشاں جیسی ہے جو کبھی بھی پھٹ سکتا ہے، وقت آگیا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں ایک دوسرے کو معاف کریں اور بھارت کو بچانے کیلئے یکجا ہوجائیں۔
مقبوضہ کشمیر کے تین بار وزیراعلیٰ رہنے والے سینئر سیاستدان اور نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے دی وائر کیلئے کرن تھاپڑ کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ کشمیر کے شہری خود کو مسترد شدہ تصور کرتے ہیں اور لگتا ہے کہ گویا انہیں پیچھے دھکیلا جارہا ہے، کشمیر کی صورتحال آتش فشاں جیسی ہے جو کبھی بھی پھٹ سکتا ہے۔
اس سوال کہ اگر آتش فشاں پھٹ گیا تو اس کا نتیجہ کیا نکلے گا؟ پر انہوں نے کہا کہ ’’یہ قوم کو اپنے ساتھ بہا لے جائے گا اور کچھ نہیں بچے گا‘‘۔کرن تھاپڑ نے پوچھا کہ مودی کے بھات میں مسلمان ہونا کیسا ہے؟، جس پر فاروق عبداللہ نے مختصر، واضح اور دوٹوک جواب دیا کہ ’’بہت خوفناک‘‘۔