pilgrims killed in stampede at Hindu shrine

کشمیر: ہندو عبادت گاہ میں بھگدڑ سے 12 یاتری ہلاک

eAwazورلڈ

سری نگر : مقبوضہ کشمیر کے ماتا وشنو دیوی کے مندر میں بھگدڑ مچنے کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے’اے ایف پی کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ ہفتہ کو علی الصبح ماتا ویشنو دیوی کے مندر میں یاتریوں کے بہت زیادہ ہجوم کی وجہ سے پیش آیا۔

حکام نے ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔بھارت کے این ڈی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی یاتریوں کی ایک بڑی تعداد نئے سال کے موقع پر عبادت کے لیے آئی تھی اور حادثہ اس وقت پیش آیا جب یاتری وشنو دیوی بھون میں داخل ہو رہے تھے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ماتا وشنو دیوی بھون میں بھگڈر کی وجہ سے ہونے والے جانی نقصان پر انتہائی غمزدہ ہیں۔ انہوں نے نیشنل ریلیف فنڈ سے ہلاک شدگان کے لواحقین کے لیے 2 لاکھ جبکہ زخمیوں کے لیے 50 ہزار روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔

بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بھی اپنے ٹویٹر بیان میں مندر میں ہونے والے جانی نقصان پر رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرنےوالوں کے خاندانوں کے لیے 10 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 2 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔

ماتا وشنو دیوی کا مندر ہندوؤں کی اہم عبادت گاہوں میں سے ایک ہے جہاں روزانہ ہزاروں افراد جمع ہوتے ہیں۔ یہ جموں سے 30 کلومیٹر کے فاصلے پر کترا کی پہاڑیوں میں واقع ہے اور 24 گھنٹے کھلا رہتا ہے۔