گھونگوں کا خوف، امریکی شہر میں 2 سال کا قرنطینہ نافذ

eAwazورلڈ

امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر پورٹ رِچی میں افریقی قسم کے خطرناک گھونگوں کی وجہ سے شہر میں دو سال کا قرنطینہ نافذ کردیا گیا ہے۔

گھونگوں کی وجہ سے لگایا جانے والا قرنطینہ کووڈ کے قرنطینہ سے مختلف ہوگا، اس میں شہریوں کو مٹی، پودوں، کچرے، ملبے اور علاقے سے باہر تعمیراتی سامان کے قریب جانے کی پابندی ہوگی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ان گھونگوں کے حوالے سے فلوریڈا کے محکمہ زراعت کی ڈائریکٹر کرسٹینا چٹی نے بتایا کہ شہر میں بڑے سائز کےگھونگے موجود ہیں جن میں ‘ریٹ لنگ ورم ‘ نامی کیڑا پایا جاتا ہے۔

اگر انسان یہ گھونگے کھائیں یا ان سے کسی قسم کے رابطہ میں آئیں تو یہ انسانوں میں گردن توڑ بخار کا باعث بن سکتے ہیں، یہ گھونگے 8 انچ تک لمبے ہوسکتے ہیں۔

محکمہ زراعت کے مطابق گھونگوں کی یہ قسم انسانوں کے ساتھ ساتھ ماحولیات کے لیے بھی نقصان دہ ہے اور تقریباً 500 سے زائد قسم کے پودے ان کی خوراک ہیں، اس کے علاوہ یہ گھونگے عمارتوں کی دیواروں کو بھی کھاجاتے ہیں۔

یہ گھونگے پہلی مرتبہ 1960 میں جنوبی فلوریڈا میں پائے گئے تھے جن سے تقریباً 10 سالوں میں جان چھڑائی گئی تھی، ان گھونگوں کی نسل کی افزائش بھی بہت تیزی سے ہوتی ہے اور ان کی مادہ ہر سال تقریباً 1200 انڈے دیتی ہے۔