یوکرین کیساتھ جنگ میں شدت، روس نے ڈرونز کی پیداوار بڑھادی

eAwazورلڈ

روس یوکرین میں فضائی جنگ تیز کر رہا ہے، اس مقصد کیلئے خفیہ فیکٹری میں ڈرونز کی پیداوار بڑھا دی گئی ہے۔

امریکی ٹی وی سی این این کی رپورٹ کے مطابق روس نے یوکرین کے خلاف اپنی فضائی جنگ کو مزید شدت دے دی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ایک خفیہ فیکٹری میں ڈرونز کی پیداوار میں تیزی لائی جا رہی ہے تاکہ جنگ کو مزید تقویت دی جا سکے۔

رپورٹ کے مطابق روس نے ڈرون حملوں میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے جو تقریباً روزانہ یوکرین کے شہریوں کو خوفزدہ کر رہے ہیں۔

یوکرین کی مسلح افواج کے ڈیٹا کے مطابق مئی میں روسی ڈرون حملے تقریباً 400 تھے، جو نومبر تک بڑھ کر 2,400 سے زیادہ ہو گئے۔ دسمبر میں اب تک کم از کم 1,700 ڈرون حملے ہوچکے ہیں۔

امریکی میڈیا کی تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ روس کے جنوبی علاقے تاتارستان میں الابوگا اسپیشل اکنامک زون کی ایک خفیہ فیکٹری نے حملہ آور اور نگرانی کے ڈرونز کی پیداوار میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔

اس فیکٹری میں چینی پرزے استعمال کیے جا رہے ہیں اور کم عمر، غیر ماہر روسی نوجوانوں اور افریقی خواتین کو بھرتی کیا جا رہا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ فیکٹری اب ہزاروں "ڈیکوئے” ڈرونز بھی تیار کر رہی ہے، جن کا مقصد یوکرینی دفاع کو تھکانا ہے۔