روس کے سرکاری ٹیلی ویژن پر صدر ولادیمیر پیوٹن اور روسی فوج کے خلاف آن لائن مظاہرہ کرنے والی خاتون پر بھاری جرمانہ عائد کر دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق روسی ٹی وی پر حکومت کی حمایت کے حوالے سے مشہور شو کے دوران میزبان کے عقب میں اچانک چینل کی ایک ملازم خاتون ایڈیٹر جنگ مخالف جملوں پر مشتمل پلے کارڈ اٹھائے نمودار ہوئیں اور نعرے بازی بھی کی۔
خاتون کا کہنا تھا کہ کئی سالوں تک سرکاری ٹی وی پر اسکرین کے ذریعے جھوٹ نشر کرکےعوام کو گمراہ کرنے پر شرمندہ ہوں۔
مرینا نامی خاتون پر پہلے سے ریکارڈ ویڈیو میں روسی عوام کو یوکرین میں روسی جنگ کی مخالفت اور مظاہرے میں شریک ہونے کی اپیل پر 270 ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سرکاری ٹیلی وژن کی ایڈیٹر مرینا کو منگل کے روز 270 ڈالر جرمانہ عائد کرکے رہا کر دیا گیا لیکن سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ خاتون کو جیل کی ہوا بھی کھانی پڑ سکتی ہے۔
دوسری جانب یوکرین کے صدر ولودومیر زیلینسکی نے گزشتہ روز عسکری حکام سے اپنے خطاب کے دوران روسی چینل کی خاتون ملازم کا احتجاج پر شکریہ بھی ادا کیا تھا۔
صدر ولودو میر زیلینسکی کا کہنا تھا میں بہت شکرگزار ہوں ان روسی شہریوں کا جو سچ پہنچاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔
نیوز سورس جیو نیوز