برسلز: بھارتی بربریت اور ظلم وستم کے خلاف ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ اور پشتون آرگنائزیشن یورپ نے ملکر برسلز کے مشہور سیاحتی مقام آٹومیم سے کار ریلی نکالی جس کا اختتام سٹی برسلز گراں پلاس پر کیا گیا۔ریلی کی قیادت پشتون آرگنائزیشن کے چیئرمین نوید خان اور صدر عرب گل ملاگوری نے کی۔جبکہ ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن یورپ کے چیئرمین چوہدری پرویز اقبال لوہسر نےخصوصی شرکت کی۔
کار ریلی میں مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کی گئی۔ مظاہرین نے اپنی گاڑیوں پر کشمیر اور پاکستان کے جھنڈے لگا رکھے تھے۔ انھوں نے بھارتی درندگی کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے۔
بعد ازاں آٹومیم کے مقام پر فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے اپنے مختصر خطاب میں عالمی برادری کو پیغام دیا کہ بھارت کشمیر کے اندر سنگین انسانی حقوق کی پامالیوں میں ملوث ہوکر وادی کشمیر کو نو گو ایریا بنا رکھا ہے۔انھوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ کشمیری عوام کو انکے حقوق دلوانے کےلیے بھارت پر دباؤ بڑھایا جائے۔ اور انہیں کشمیر کے اندر دہشت انگیز کاروائیوں سے روکا جائے۔
انھوں نے کہا کہ وہ یورپ بھر کے تمام ممالک میں احتجاجی مظاہروں کے ذریعے بھارت کے دوغلے چہرے کو دنیا میں ننگا کرکے رہیں گے۔ جبکہ پشتون آرگنائزیشن یورپ کے چیئرمین نوید خان نے کہا کہ ہم مودی سرکار کو یہ باور کرانا چاہتے ہیں کہ ہم حق کی خاطر کشمیری عوام کی آزادی تک ہرسطح پر بھارت کے ظلم وستم کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں۔
پشتون آرگنائزیشن یورپ کے صدر عرب گل ملاگوری نے کہا کہ ہندوستان نے مقبوضہ وادی کشمیر کو پانچ اگست 2019 میں یک طرفہ قدم اٹھا کر بڑی جیل میں تبدیل کردیا ہے۔انھوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو زبردستی آتشی اسلحہ کے زور پر ختم کرکے کشمیری خواتین بچوں اور بڑوں کے ساتھ ظلم و زیادتی کا مرتکب ہورہا ہے۔ پروگرام میں اوورسیز پاکستانی کمیشن بلجیئم کے کوآرڈینٹر سید شاہد حسین شاہ نے بھی خطاب کیا۔