میڈرڈ : اسپین میں خاتون نے اپنے بیٹوں کو کورونا ویکسین سے بچانے کے لیے اغواء کرلیا۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپین میں ایک خاتون نے اپنے بیٹوں کو اُس وقت اسکول سے اغواء کیا کہ جب اُنہیں عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین لگنی تھی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں لڑکوں کی عُمر 12 اور 14 عُمر تھی جنہیں اُن کی والدہ نے اغواء کیا جبکہ خاتون کے سابق شوہر نے پولیس میں ایف آئی آر درج کروائی جس میں یہ موقف اختیار کیا گیا کہ اُن کی سابقہ اہلیہ نے دونوں بیٹوں کو اغواء کرلیا ہے۔
اس شخص نے کہا کہ اُنہوں نے اپنے دونوں بیٹوں کو 4 نومبر 2021 کے بعد سے نہیں دیکھا جبکہ انہیں اپنی سابقہ اہلیہ کی طرف سے ایک خط موصول ہوا جس میں کہا گیا تھا کہ اُن کے دونوں بیٹے اُن کے پاس ہیں کیونکہ وہ اُنہیں کورونا ویکسین نہیں لگوانا چاہتیں۔ذرائع نے بتایا کہ خاتون نے گزشتہ روز اپنے دونوں بیٹوں سمیت خود کو حکام کے حوالے کر دیا ہے جہاں اُن کے خلاف عدالتی کارروائی جاری ہے۔واضح رہے کہ اسپین نے کئی دیگر یورپی ممالک کے ساتھ مل کر 15 دسمبر 2021 کو 5 سے 11 سال کی عمر کے بچوں کو کورونا ویکسین لگوانے کا اعلان کیا تھا۔