آئین ہار گیا بیگمات جیت گئیں، عظمیٰ بخاری کا سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل

eAwazپاکستان

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آئین ہار گیا اور بیگمات جیت گئیں۔

عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ سوال یہ ہے ایک پارٹی کے لیے اتنا پیار کیوں ہے؟ لاڈلے کی محبت ہر چیز پر غالب آ جاتی ہے، وہ شخص ریلیف نہ بھی مانگے پھر بھی اس کو دیا جاتا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کسی متاثرہ فریق کو نہیں سنا گیا، جو کیس میں فریق نہیں تھا اس کو ریلیف دیا گیا، لوگ کہہ رہے ہیں کہ عدالت کا فیصلہ ری ایکشنری تھا۔

وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کل پی ٹی آئی کو فائدہ پہنچایا گیا، جو انہوں نے مانگا نہیں وہ ان کو دے دیا گیا، کل سپر نظریہ ضرورت متعارف کرایا گیا، لاڈلے کی محبت میں پاکستان کونقصان پہنچایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کل تو کمال ہو گیا، پیار محبت کی اخیر ہو گئی، ایسی محبت تو سوہنی ماہیوال کی بھی نہیں تھی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے اقلیتی اور مخصوص نشستیں پاکستان تحریک انصاف کو دینے کا حکم جاری کیا۔