آئی ٹی برآمدات کو 25 بلین ڈالر تک پہنچانے کیلیے پر عزم ہیں؛ وزیراعظم

eAwazپاکستان

اسلام آباد:
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آئندہ تین سالوں میں پاکستان سے آئی ٹی کی برآمدات کو 25 بلین ڈالر تک پہنچانے کے ہدف کے حصول کے لیے پر عزم ہیں۔

وزیراعظم سے وی آن (VEON) گروپ کے چیئرمین جناب آوگی کے فیبیلا کی قیادت میں 5 رکنی وفد کی ملاقات ہوئی۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے کی ترقی و ترویج کے لیے کوشاں ہے اور دور دراز علاقوں میں بھی تیز تر موبائل انٹرنیٹ کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں تیز تر اور قابل اعتماد انٹر نیٹ سروسز کے لیے 5 جی انٹرنیٹ کی سروسز متعارف کرانے کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، 5 جی سروسز کی بدولت ڈیجیٹل پاکستان کے ویژن کا حصول ممکن ہو سکے گا۔

وفد سے ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں کیش لیس اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے حوالے سے ٹیلی کام سیکٹر کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، وی آن کی سبسیڈئری ’’جاز‘‘ گروپ پاکستان میں ٹیلی کمیونی کیشن اور فنانشل ٹیکنالوجی کے شعبے میں اہم کردار کر رہا ہے۔ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، ڈیجیٹائز یشن اور مصنوعی ذہانت کے فروغ کے حوالےسے وی آن گروپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔

وفد نے ملک میں حالیہ معاشی استحکام کے حوالے سے حکومتی کوششوں کی تعریف کی اور گفتگو میں کہا کہ پاکستان آئی ٹی و ٹیلی کام کے شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے ایک اہم ملک بن چکا ہے۔

ملاقات میں وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک، وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔