آرمی چیف کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، دو طرفہ دفاع اور سیکورٹی تعاون پر تبادلہ خیال

eAwazپاکستان

ریاض: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرسعودی عرب کا سرکاری دورہ کیا اور سعودی قیادت سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن و سلامتی، دو طرفہ دفاع اور سیکورٹی تعاون سمیت باہمی دلچپسی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، سعودی وزیر دفاع جنرل فیاض بن حمید الرویلی، چیف آف جنرل اسٹاف سعودی مسلح افواج اور انجینئر طلال عبداللہ العتیبی کے معاون وزیر دفاع اور دیگر اعلیٰ عسکری قیادت موجود تھی۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے تاریخی برادرانہ اور مضبوط تعلقات ہیں اور دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔

شہزادہ محمد بن سلمان نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب مستقبل میں بھی ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ آرمی چیف نے پاکستان کے لیے گرمجوشی کے جذبات اور حمایت پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔