اب پیٹرول، ڈیزل پر کوئی سبسڈی نہیں دیں گے، مفتاح اسماعیل

eAwazپاکستان

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ اب پیٹرول اور ڈیزل پر کوئی سبسڈی نہیں دیں گے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ‘ کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی بین الاقوامی مارکیٹ کے مطابق قیمتیں ہوں گی۔ جولائی کے مہینے میں نقصان میں نہیں جائیں گے، سبسڈی کو اس سال ختم کریں گے۔

مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام نہ ملا تو ڈیفالٹ کے علاوہ چارہ نہیں۔

دوسری جانب گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کا عندیہ دیا تھا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اگر عالمی سطح پر قیمتیں کم نہ ہوئیں تو ہمیں بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت بڑھانی پڑے گی۔

واضح رہے کہ اس وقت پاکستان میں ایک لیٹر پیٹرول 209 روپے 86 پیسے اور ڈیزل 204 روپے 15پیسے کا ہے۔