بارسلونا: اسپین میں ایک ہوٹل میں آگ بھڑک اُٹھی جس کے نتیجے میں 43 سالہ پاکستانی شخص جاں بحق اور 9 افراد زخمی ہوگئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسپین کے شہر بارسلونا میں کے علاقے سینڈر میں ہوٹل کی تیسری منزل کے ایک کمرے میں لگنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری منزل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔آتشزدگی کے باعث تیسری منزل پر مقیم مسافروں نے کھڑکیوں سے کود کر جان بچائی تاہم اس واقعے میں ایک شخص جاں بحق اور 9 افراد زخمی ہوگئے۔
جاں بحق شخص کی شناخت 43 سالہ راشد ملک کے نام سے ہپوئی ہے۔راشد ملک پاکستان سے روزگار کے سلسلے میں اسپین آیا تھا اور ایک موبائل شاپ پر کام کرتا تھا۔ حادثے کے دن وہ اس علاقے میں موبائل کی ضروری اشیاء خریدنے سینڈر آیا تھا اور تاخیر ہوجانے پر ہوٹل میں ٹھہر گیا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ہوٹل کے کمرے میں ایک خاتون نے گدے کو آگ لگائی تھی جو دیکھتے ہی دیکھتے پورے کمرے اور پھر پوری منزل میں پھیل گئی۔ پولیس نے خاتون کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔
واضح رہے کہ یکم دسمبر 2021 کو ایک بینک کی خالی عمارت میں پناہ لیے ہوئے 40 سالہ پاکستانی شخص اپنی بیوی اور 2 بیٹوں سمیت جاں بحق ہوگیا تھا جن کی میتیں قانونی کارروائیوں اور کورونا کے باعث تاخیر کا شکار ہوکر چند روز قبل ہی منڈی بہاؤ الدین پہنچی ہیں۔