جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہمیں ختم کرنے کی باتیں کرنے والے آج خود در بدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں، الیکشن میں ان کا مکمل صفایا کر کے دم لیں گے۔
لکی مروت کے حاجی کبیر خان کیمپ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ عمران خان پہلے امریکا کو اپنی حکومت کے خاتمے کا قصوروار قراردیتا تھا لیکن جب جان بچانے کے درپے ہوئے تو اسی امریکا سے مدد مانگ لی۔
انہوں نے کہا کہ 2018 میں دھاندلی کے ذریعے ایک شخص کو ملک پر مسلط کیا گیا، جس نے ملک کا بیڑا غرق کر دیا، بانی پی ٹی آئی کی سیاست ختم کرنے تک ان کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے مقابلے میں آج جو امیدوار کھڑے ہیں یہ ایمان سے خالی ہیں، ہم نے یہ پگڑیاں اس لیے نہیں سر پر رکھیں کہ ان کے آگے سر جھکائیں گے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جمیعت علمائے اسلام جب خیبر پختونخواہ میں اقتدار میں آئی تو ہم نے پرائمری سے انٹرمیڈیٹ تک مفت تعلیم اور کتب فراہم کیں، 12 اضلاع میں اے کیٹیگری کے اسپتال بنائے اور مفت طبی علاج کی فراہمی کے منصوبے شروع کیے۔
انہوں نے کہا کہ جے یو آئی نے ہمیشہ عالمی سطح پر بھی حق کا پرچم سربلند رکھا، امریکا کے افغانستان پر ناجائز قبضے اور اسرائیل کی فلسطین پر جارحیت تک ہم نے عالمی سطح پر مخالفت کی اور ظلم کے خلاف آواز بلند کی، افغانستان میں امارت اسلامی اور پاکستانی حکومت کی تعلقات کی بحالی کیلئے بھی کوششیں کر رہے ہیں۔