وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے کہا ہے کہ عمران خان حکومت کے آئی ایم ایف سے کیے جانے والے تمام معاہدے نبھائیں گے کیونکہ یہ معاہدے کسی فرد واحد نے نہیں بلکہ حکومت پاکستان نے کیے تھے۔
وزیرِمملکت عائشہ غوث پاشا اور امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان کے ہمراہ واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ہمیں آئی ایم ایف کی شرائط اور پاکستان کی معاشی پوزیشن بہتر کرنے کے لیے مشکل فیصلے کرنے ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان نے گزشتہ 70 سال کے دوران کبھی ڈیفالٹ نہیں کیا اور نہ ہی ڈیفالٹ ہونے کا کوئی خدشہ ہے۔
ن کا کہنا تھا کہ یہ بات درست ہے کہ ملک کا بجٹ خسارہ بہت زیادہ ہے، ملک کے قرضے بہت بڑھ گئے ہیں، ہم کوشش کریں گے کہ خسارہ کم سے کم کریں اور قومی آمدنی کو بڑھائیں۔
مفتاح اسمٰعیل کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت سماجی فلاح و بہبود کا کوئی منصوبہ بند نہیں کرے گی، ملک میں کارخانوں کی تعداد بڑھانے پر کام شروع کریں گے تاکہ لنگر خانے کم ہوں۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ سابق حکومت کا احساس پروگرام سیلانی ویلفیئر کے مولانا بشیر فاروقی چلاتے تھے، عمران خان کی حکومت نے اس پروگرام کے لیے ایک پیسا بھی خرچ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ غربت میں کمی کے لیے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم بڑھائی جاسکتی ہے، ہم اگر انکم سپورٹ پروگرام اور دیگر پر سبسڈی دیں گے تو تنقید کی جاتی ہے جبکہ دوسری جانب ہم نے اپنے امیر لوگوں کو بہت زیادہ سہولیات اور سبسڈی دی ہوئی ہیں، پیٹرول پر سبسڈی دی جارہی ہے مگر70فیصد لوگ اپنی ذاتی گاڑیاں استعمال کرتے ہیں۔
سورس نیوز ڈان نیوز