آج شفاف اور آزادانہ ضمنی انتخابات یقینی بنائیں گے، عطا اللّٰہ تارڑ

eAwazپاکستان

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما عطا اللّٰہ تارڑ کا کہنا ہے کہ آج شفاف اور آزادانہ ضمنی انتخابات یقینی بنائیں گے، عمران اینڈ کمپنی عوام کے فیصلے کو تسلیم کرے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا اللّٰہ تارڑ نے کہا کہ عوامی فیصلہ زور زبردستی سے بدلنے کے لیے غیر قانونی ہتھکنڈوں سے باز رہیں، عوام کے ووٹ کی عزت کو یقینی بنائیں گے، سیاسی مخالفین بھی ووٹ کو عزت دیں۔

انہوں نے کہا کہ شفاف، آزادانہ اور غیرجانبدارانہ الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنائیں گے،کسی نے غنڈہ گردی یا بدمعاشی کرنے کی حماقت کی تو سختی سے نمٹیں گے، شرانگیزی، فساد اور اور غنڈہ گردی نہیں ہونے دیں گے۔

عطا اللّٰہ تارڑ کا کہنا ہے کہ انتخابات کے انعقاد کی آئینی ذمہ داری پوری کرنے میں الیکشن کمیشن کا بھرپور ساتھ دیں گے، نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز کی خدمات کا پاکستان اعتراف کرتا ہے، عوام پرامن انداز میں اپنے ووٹ کا آئینی حق بلا خوف وخطر استعمال کریں۔

واضح رہے کہ پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ پولنگ جاری ہے، صبح 8 بجے شروع ہونے والا ووٹنگ کا عمل بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

20 صوبائی حلقوں میں 175 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو رہا ہے، آج کے ضمنی انتخابات ن لیگ اور تحریکِ انصاف کی مقبولیت کا امتحان بھی ہیں۔

پنجاب کی پگ کا فیصلہ آج ہو جائے گا، مسلم لیگ ن کو حمزہ شہباز کی وزارتِ اعلیٰ برقرار رکھنے کے لیے مزید 9 نشستوں کی ضرورت ہے، جبکہ پی ٹی آئی مزید 13 نشستوں کی خواہش مند ہے۔