ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ سیلاب متاثرین کیلئے 1.5 ارب ڈالر قرض معاہدے پر دستخط

eAwazپاکستان

ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کے بجٹ کو سپورٹ کرنے اور تباہ کن سیلاب کے بعد متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے ایک ارب 50 کروڑ ڈالر کی فنانسنگ معاہدے پر دستخط کردیے۔
رپورٹ کے مطابق قرض معاہدے پر اے ڈی بی کے کنٹری ڈائریکٹر یونگ یے اور سیکریٹری اقتصادی امور ڈویژن (ای اے دی) کاظم نیاز نے دستخط کیے، وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خزانہ اسحٰق ڈار، وزیر اقتصادی امور ڈویژن ایاز صادق اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹر جنرل سینٹرل اینڈ ویسٹ ایشیا ریجن یوجین زوکوف نے تقریب میں شرکت کی۔

اے ڈی بی بلڈنگ ریزیلینس وِد ایکٹو کاؤنٹر سائکلیکل ایکسپینڈیچرز (بی آر اے سی ای) پروگرام کے تحت فراہم کردہ فنانسنگ حکومت کے 2 ارب 30 کروڑ ڈالر کے کاؤنٹر سائکلیکل ڈویلپمنٹ ایکسپینڈیچرز پروگرام کی فنڈنگ میں مدد کرے گا، جو یوکرین پر روسی حملے سمیت عالمی سطح پر ہونے والے واقعات کے منفی اثرات کو کم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا۔

یشیائی ترقیاتی بینک کے ایک ارب 50 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری کا مقصد تباہ کن سیلاب اور عالمی سپلائی چین میں حائل رکاوٹوں کے درمیان پاکستان میں سماجی و غذائی تحفظ کو فروغ دینے اور لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد دینا ہے، منظور شدہ قرض آئندہ ہفتے جاری کیا جائے گا اور توقع ہے کہ اس سے زرمبادلہ کے ذخائر کو بڑھانے اور روپے کی قدر میں کمی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

پاکستان کے کل زرمبادلہ کے ذخائر 14 اکتوبر تک کم ہو کر 13 ارب 25 کروڑ ڈالر رہ گئے جس میں اسٹیٹ بینک کے 7ارب 597 کروڑ ذخائر بھی شامل تھے جو کہ تقریباً 5 ہفتوں کی کنٹرول شدہ درآمدات کے برابر ہیں۔